چودہ اگست کے لیے راولپنڈی ٹریفک پولیس کا جامع ٹریفک پلان جاری

سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے چودہ اگست کے لیے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا۔

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کے احکامات پرعمل کرتے ہوئے ڈیوٹی آفیسر ہیڈ کواٹر محمد وسیم نے چودہ اگست کے موقع پر شہریوں کو ٹریفک کی تمام سہولیات اور ون ویلنگ کی روک تھام کرنے کے لیے راولپنڈی سمیت تحصیل ہائے کے لیے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا۔

ڈیوٹی آفیسر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کے ڈی ایس پیز، انسپکٹرز، وارڈن افسران اور ٹریفک اسسٹنٹس خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔چودہ اگست پر ون ویلنگ یا کار سکٹنگ کی روک تھام کے لیے چھ سپیشل سکواڈ بنائے گئے ہیں جو کہ بھرپور ایکشن میں نظر آئیں گے اور خلاف ورزی کے مرتکب منچلوں کے خلاف بھر پور قانونی کاروائی عمل میں لا کر انھیں جیل بھیجا جائے گا۔

ڈیوٹی آفیسر کا کہنا تھا کہ مری کے داخلی راستوں پر ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی پکٹس قائم کی جائیں گی جہاں ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات ہو گی۔ جبکہ سکیورٹی کے پیش نظر کالے شیشے،بغیر رجسٹریشن، غیر نمونہ نمبر پلیٹ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر نظر رکھتے ہوئے سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔

اس مو قع پر چیف ٹریفک آفیسرراولپنڈی سید علی اکبر نے سرکل کے تمام ڈی ایس پی صاحبان کو احکامات جاری کیے کہ ٹیم ورک اور مکمل کوآرڈینشن کے ساتھ فرآئض کی ادائیگی کو یقینی بنائیںاورمحنت اور ذمہ داری کے ساتھ ڈیوٹی کو فرض سمجھ کر عوام الناس کو ٹریفک سہولیات فراہم کی جائیں۔اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

چیف ٹریفک آفیسر نے والدین سے اپیل کی کہ ان اہم دنوں میں اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور کم عمری میں انھیں موٹر سائیکل یا گاڑی دینے سے گریز کریں تا کہ آپ کو کسی قسم کی قانونی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment