تحریک انصاف 2 سال دس ماہ بعد بالآخر کامیاب ہو گئی

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بالآخر دو سال دس ماہ بعد اپنے وعدے کی تکمیل میں کامیاب ہو گئی ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاح کے بعد اسے باقاعدہ طور پر عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر 27 کلو میٹر روٹ پر 128 جدید ائیر کنڈیشن بسیں چلیں گی۔

خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کی جانب سے اس منصوبے کے مکمل ہونے کے دعوے کے باوجود منصوبے میں کئی کام نامکمل یا زیرِ تعمیر ہیں۔ جن میں ڈبگری اور حیات آباد کے مقام پر کار پارکنگ اور کئی ایک اسٹیشنز وغیرہ سرِ فہرست ہے۔

لگ بھگ 29 کلو میٹر پر محیط اس بس منصوبے کا مرکزی کوریڈور چمکنی سے کارخانو کراسنگ تک ہے جس پر 30 اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ اور موجودہ وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے اکتوبر 2017 میں بی آر ٹی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھتے وقت منصوبے کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ البتہ بی آر ٹی کی تکمیل میں دو سال اور دس ماہ کا وقت لگا۔

بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر پر ملک کی سیاسی، کاروباری اور سماجی شخصیات موجودہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment