پاکستان کا 73 واں یوم آزادی بھرپور جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: پاکستان کا 73 واں یوم آزادی آج اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا جائے گا۔
جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز صبح سویرے اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں خصوصی دعاوں اور21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس اور لاہور کے محفوظ شہید گیریژن میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس موقع پر علمائے کرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں بھی خصوصی دعائیں کیں۔
پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جس میں صدرمملکت عارف علوی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ وفاقی وزرا ، سول اور عسکری قیادت نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
کراچی میں بابائے قوم قائداعظم کے مزار پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقارتقریب ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارقائد پراعزازی گارڈکےفرائض سنبھالے۔ کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈورمشتاق احمد تقریب کےمہمان خصوصی تھے۔ لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر بھی گارڈزکی تبدیلی کی پروقارتقریب ہوئی اور پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ جنرل آفیسرکمانڈنگ لاہور تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
جشن آزادی کو پوری شان و شوکت سے منانے کے لیے لوگوں نے محلوں، گلیوں اور فلیٹوں کو جھنڈیوں سے سجایا، جب کہ چھتوں اور گاڑیوں پر قومی پرچم پوری آب و تاب سے لہرا رہے ہیں۔
بچوں، بچیوں، لڑکیوں اور خواتین نے جشن آزادی کی مناسبت سے لباس زیب تن کیے ہیں۔ بالوں میں جھنڈوں کی مناسبت سے ہیئر کلپس لگائے ہیں، ہاتھوں میں چوڑیاں پہنی  ہیں جبکہ  لوگوں کی بڑی تعداد نے اپنے سینوں پر قومی پرچموں سے مزین بیجز آویزاں کیے ہیں۔ نوجوانوں نے ایسے فیس ماسک بھی استعمال کیے ہیں جو قومی جھنڈے کے رنگوں سے مماثلت رکھتے ہیں۔
مختلف شہروں میں نوجوانوں کی ٹولیاں موٹر سائیکلوں پر قومی پرچم تھام کر مارچ کررہی ہیں۔ کراچی میں سی ویو پر نوجوان شاندار آتشبازی کا مظاہرہ دیکھ رہے ہیں جب کہ لاہور میں مینار پاکستان پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو کر جشن آزادی منا رہی ہے۔ اسلام آباد میں نوجوانوں کی بڑی تعداد سری نگر ہائے وے پر مارچ کررہی ہے۔
شب 12 بجتے ہی اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد، ملتان اور راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر شہروں، قصبوں، اور دیہاتوں میں لوگوں نے آتش بازی اور چراغاں کرکے 14 اگست کا شاندار استقبال کیا۔
آتش بازی اور چراغاں کے ساتھ ہی ملک کی فضائیں جیوے جیوے پاکستان اور قومی نغموں سے گونج اٹھیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے کشمیر کے بھی جھنڈے تھام رکھے ہیں اور اس کے حق میں بھی نعرے بازی کررہے ہیں جب کہ بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں کے چہرے فرط جذبات سے جگمگا رہے ہیں، وہ پورے جوش و خروش سے پاکسان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا رہے ہیں اور ان کے لبوں پہ قومی نغموں کی دھنیں مچل رہی ہیں۔
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں 73 برس قبل 14 اگست کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے لاکھوں قربانیاں دے کر ایک آزاد اسلامی جمہوریہ پاکستان ریاست حاصل کی تھی۔ اس ریاست کا خواب مصور پاکستان علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا جس کو تعبیر کی شکل بانی پاکستان نے دی تھی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment