اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: بیرون ملک مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لئے بڑی خوشخبری، وزارت اوورسیز نے پاکستانی کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانیوں کو ڈیجیٹل بینکنگ کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب اوورسیز پاکستانیز ملک میں براہ راست بینکنگ پیمنٹس اور سرمایہ کاری کر سکیں گے۔

وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے "روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس” منصوبہ کو حتمی شکل دے دی ہے، اس حوالے سے اسٹیٹ بینک سمیت تمام کمرشل بینکوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے۔

زلفی بخاری نے بتایا کہ اب بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن واپس آئے بغیر مکمل آپریشنل بینک اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے۔ بینک اکاؤنٹ کھلوانے کیلئے بنیادی معلومات اور دستاویز آن لائین فراہم کرنا ہوں گی۔

اوورسیز ہم وطنوں کو پاکستانی بینکنگ کا جدید ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم فراہم کیا جائے گا۔ فنڈز ٹرانسفر، بل پیمنٹ اور ای کامرس سمیت تمام بنیادی بینکنگ سروسز بھی دستیاب ہوں گی۔

وزیر اوورسیز پاکستانیز نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت اوورسیز پاکستانی اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے کے اہل ہوں گے، پاکستانی کمیونٹی کو سرمایہ کاری کا شاندار موقع فراہم کر رہے ہیں۔ بینکوں کی جانب سے فکس ڈیپازٹ پراڈکٹس کی آفرز سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔ رہائشی یا کمرشل پراپرٹی کی خریداری کیلئے براہ راست ٹرانزیکشنز کی سہولت مل سکے گی۔ اووسیز پاکستانی اپنی مرضی سے مقامی یا فارن کرنسی میں اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے۔اوورسیز پاکستانی جس وقت چاہیں اپنا سرمایہ بغیر پیشگی اجازت نکال سکتے ہیں۔۔

زلفی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل بینکنگ کی سہولت اوورسز پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق منصوبہ ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اوورسیز کمیونٹی کو ملکی ترقی میں اہم اسٹیک ہولڈرز بنانا چاہتے ہیں۔

 

 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment