اعلی حکام کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر بارش سے ہونے والے نقصان پر نوٹس

اسلام آباد : ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بارش سے ہونے والے نقصان کا نوٹس لے لیا ہے۔

عبدالستار کھوکھر سینیئر جوائنٹ سیکریٹری ترجمان ایوی ایشن ڈویژن نے کہا ہے کہ 90 منٹ سے بھی کم وقت میں 56 ملی میٹر بارش ہوئی۔ موسلادھار بارش کے ساتھ ساتھ طوفانی ہوائیں صبح 4 بجے تک جاری رہیں۔ جس کے نتیجے میں ائیر پورٹ کے بعض حصوں سے پانی کا رساؤ ہوا اور چھت کو نقصان پہنچا۔

 ڈی جی سی اے اے نے جامع رپورٹ کے ساتھ ساتھ تین دن کے اندر مستقل حل کی ہدایت جاری کردی ہیں۔ ائیر پورٹ مینیجر اور دیکھ بھال کرنے والے دیگر عملے کے مطابق پانی کا رساؤ تیز بارش کی وجہ سے ہوا جس سے مسافر ٹرمینل بلڈنگ کی چھت کو نقصان پہنچا۔

 سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق متعدد حل زیر غور ہیں، جن میں بارش کے پانی کو ایک سے زائد نالوں میں بہانے کے لئے مزید پانی کے پائپوں کو شامل کرنا یا چھت کے اوپر نکاسی آب کے پورے ڈیزائن کو تبدیل کرنا شامل ہے۔

ڈی جی سی اے اے نے ہدایت جاری کی ہیں کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور ایئرپورٹ منیجر اس حوالے سے ایک مشترکہ رپورٹ پیش کریں گے اور آئندہ بھی اس کی روک تھام کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ توقع ہے کہ وفاقی وزیر ہوا بازی، جناب غلام سرور خان 17 اگست ، 2020 کو ایوی ایشن ڈویژن اور پی سی اے اے کے اعلی افسران کے ہمراہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کریں گے۔ 

 

 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment