پنو عاقل میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد قتل

پنو عاقل میں گھر کے سربراہ نے ہی خاندان کے 11 افرادکو قتل کردیا۔

مقامی پولیس کے مطابق اندوہناک قتل کا واقعہ سندھ کے ضلع پنو عاقل کے علاقے کینٹ حدود میں پیش آیا جہاں گھر کے سربراہ ملزم وہاب نے بیوی بچوں سمیت اپنے ہی گھر کے 11 افراد کو چھریوں کے وار کر کے قتل کردیا۔
ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق قتل ہونے والوں میں ملزم کی بیوی، 4 بیٹیاں، 3 بیٹے، بہو، پوتی اورپوتا شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام مقتولین کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی عرفان سموں نے بتایا کہ ملزم وہاب نے تمام افراد کو رات سوتے ہوئے قتل کیا اور صبح متاثرہ گھر میں خاموشی ہونے کی وجہ سے پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
عرفان سموں نے بتایا کہ بظاہر ایسے لگتا ہے کہ مقتولین کو نشہ آور چیز دی گئی جس کے بعد ان کے گلے کاٹ دئیے گئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ملزم کو اس کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا گیا جب کہ ملزم کے ساتھ اس کے تین بیٹوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے تاہم ملزم کے بیٹوں کے قتل میں ملوث ہونے کے بارے میں ابھی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔
پولیس کا بتانا ہےکہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور بظاہر ایسا لگتا ہے کہ وہ ذہنی مریض ہے اور اسکا حیدر آباد میں ذہنی مریضوں کے ہسپتال میں علاج بھی ہو چکا ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment