محکمہ موسمیات کی مون سون کی مزید بارشوں کی پیش گوئی

مون سون کی مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد زیریں سندھ میں اربن فلڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا جس سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے راوں ہفتے کے دوران ملک بھر میں مون سون کی مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ ملک میں راوں ہفتے کے دوران داخل ہونگی۔ مون سون ہوائیں پیر سے بدھ کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں میں داخل ہونگی،جبکہ منگل سے جمعرات کے دوران مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونگی۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ پیر سے بدھ کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین ،شہید بینظیر آباد ،دادو ،تھرپارکر ،نگر پارکر میرپور خاص، عمر کوٹ، اسلام کوٹ، سانگھڑ ،سکھر اور لاڑکانہ میں تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ زیریں سندھ میں اربن فلڈنگ، فلیش فلڈنگ اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ بھی ہے۔

پیر سے منگل کے دوران لسبیلہ، آواران، خضدار، بارکھان ،ژوب ،موسی خیل ،لورالائی کوہلو اور سبی میں تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ قلات، لسبیلہ، خضدار، اور آواران میں موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔ منگل سے جمعرات کے دوران اسلام آباد، پنجاب خیبرپختونخوا، اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں پیر سے منگل کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ اور جمعرات کو تیز بارش کے باعث پشاور، چارسدہ، مردان، ہری پور، کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ 

بدھ اور جمعرات کو تیز بارش کے باعث راولپنڈی، گوجرنوالہ ،جہلم سیالکوٹ حافظ آباد، سرگودھا ،لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

کشمیر ،گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment