وزیراعلیٰ پنجاب کے ساہیوال کے لیے بڑے پیکج کے اعلانات

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ساہیوال میں وکلاء، تاجروں، صنعتکاروں اور پارٹی عہدیداروں نے ملاقات کی۔

 ملاقات کے بعد وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ سمندری انٹرچینج سے ساہیوال تک رابطہ سڑک تعمیر کی جائے گی۔ اس منصوبے پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں گے۔ وکلاء اور صحافیوں کیلئے ہر ڈویژن میں کالونی بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ساہیوال رنگ روڈ کی جلد تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دیئے جائیں گے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال کی اپ گریڈیشن کا بھی اعلان کیا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔ ساہیوال کے ہسپتال اور میڈیکل کالج کو اضافی فنڈز دیئے جائیں گے۔ ساہیوال شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ساہیوال میں غیر ملکی تعاون سے شہری سہولتوں کی بہتری کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی قائم کی جائے گی۔

وزیر اعلی نے وکلاء برادری کے بارے میں کہا کہ یہ میرے بھائی ہیں، ان کے جائز مسائل حل کریں گے۔

وزیر اعلی نے مزید کہا کہ تاجر برادری اور صنعتکاروں کی سہولت کیلئے ہرممکن اقدام کریں گے۔ کسووال میں گرلز ڈگری کالج بنائیں گے۔ ساہیوال کے شہریوں کو ان کا حق دے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم کا افتتاح بھی کیا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment