راولپنڈی:یوم عاشور روائتی مذہبی جوش وجذبے اورعقیدت و احترام سے منایا جائے گا

راولپنڈی میں آج 10 محرم الحرام کو یوم عاشورہ کے 64 جلوس اور113مجالس ہوں گی۔ 

دنیا بھر کی طرح راولپنڈی میں یوم عاشور روائتی مذہبی جوش وجذبے اورعقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ نواسہ رسول ؑ حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُنکے 72جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے علم،ذوالجناح اور تعزیئے کے جلوس برآمد ہوں گے۔ 

عزاداران حسین زنجیر زنی، ماتم داری اور نوحہ خوانی کریں گے ۔علما و ذاکرین واقعہ کربلا اورنواسہ رسول ﷺ اور ان کے جانثاروں کی اسلام کے لئے جدوجہد پر روشنی ڈالیں گے۔

راولپنڈی میں ڈبل سواری پر پابندی کے ساتھ موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔ مرکزی جلوس کی فضائی نگرانی کے ساتھ جلوس کے تمام راستوں پر کلوز سرکٹ کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔

جلوس کی مانیٹرنگ کے لئے سی پی او دفتر میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ جلوس کے راستوں پر چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے گئے ہیں۔ 

پولیس اور ٹریفک پولیس نے خصوصی سکیورٹی و ٹریفک پلان ترتیب دیئے ہیں۔ جس کے تحت ضلعی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے6600سے زائد افسران وملازمین، ٹریفک پولیس کے 9ڈی ایس پی،41انسپکٹر،604ٹریفک وارڈن اور 133ٹریفک اسسٹنٹ ڈیوٹی دیں گے۔

راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہو گا۔ امام بارگاہ حفاظت علی شاہ بوہڑ بازار اور امام بارگاہ کرنل مقبول حسین کالج روڈ سمیت شہر بھر سے مختلف جلوس برآمد ہوں گے۔ تمام چھوٹے بڑے جلوس امام بارگاہ حفاظت علی شاہ تیلی محلہ سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس میں شامل ہوں گے۔

سوگواران امام حسین بوہڑ بازار چوک،حبیب بنک چوک اور ٹرنک بازار چوک میں زنجیر زنی کریں گے۔ جلوس کے دوران فوارہ چوک پر نماز ظہرین ادا کی جائے گی۔نماز ظہرین کے بعد علامہ قمر حیدر زیدی فلسفہ حسینیت پر روشنی ڈالیں گے۔ 

امام بارگاہ شہیدان کربلا اور دربار شاہ چن چراغ سے برآمد ہونے والا ذوالجناح کا جلوس پرانا قلعہ میں مرکزی جلوس میں شامل ہو گا۔ امام بارگاہ یادگار حسین اور امام بارگاہ بلتستانیہ سے برآمد ہونے والے ذوالجناح کے جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہوں گے۔ 

مرکزی جلوس جامع مسجد روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی میں پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ امام بارگاہ قدیمی میں شام غریباں برپا ہو گی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment