پابندی کے باوجود شہری راول ڈیم کے سپل ویز پر پہنچ گئے

اسلام آباد : راول ڈیم سپیل وے کھول دیئے جانے کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد سپیل وے کے نیچےپہنچ گئی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں مقامی ڈیموں پر نہانے پر پابندی ہونے کے باوجود شہری راول ڈیم کے سپل ویز کھل جانے کے بعد سپل ویز پر نہانے پہنچ گئے۔ تھانہ بنی گالہ سیکرٹریٹ اور چیک شہزاد تھانہ کی حدود میں کورنگ نالہ کے قریب شہریوں کا رش بڑھ گیا اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی پوچھنے والا نہیں۔

حالیہ بارشوں کے پیش نظر راول ڈیم میں پانی گنجائش سے زیادہ ہو جانے کی وجہ سے آج گیارہ بجے راول ڈیم کے سپل ویز کھول دئیے گئے تھے، اس ضمن میں قریبی بستیوں کے رہائشیوں کو آگاہ بھی کر دیا گیا تھا کہ راول ڈیم سے ملحقہ نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔

شہری انتظامیہ کی انتباہ اور دفعہ 144 لگانے کے باوجود غیر ذمہ دار شہریوں نے انتظامیہ کی ہدایات کو ہوا میں اڑا دیا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام نے ہدایات جاری کی تھیں کہ راول ڈیم،سملی ڈیم، کورنگ سمیت دیگر نالوں میں کشتی رانی پرپابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ راول ،سملی ڈیمز، کورنگ اور سواں سمیت دیگر نالوں میں تیراکی پر بھی پابندی ہے۔ ان تمام مقامات پر مچھلی پکڑنے پر بھی پابندی ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا مزید کہنا تھا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف دفعہ 144 کے تحت کارروائی کی جائے گی اور ان پابندیوں کا اطلاق آج سے دو ماہ کیلیے ہو گا۔ 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment