جعلی بنک اکاونٹس کیس کے مرکزی ملزم کی ضمانت

سپریم کورٹ نے جعلی بنک اکاونٹس کیس کے مرکزی ملزم انور مجید کو دس کروڑ روپے کی بنک گارنٹی جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کر لی۔

سپریم کورٹ میں جعلی بنک اکاونٹس کیس کے مرکزی ملزم انور مجید کی درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔ عدالت نے انور مجید کو دس کروڑ روپے گارنٹی رجسٹرار آفس جمع کرنے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے انور مجید کا نام ای سی ایل میں شامل رکھنے اور پاسپورٹ رجسٹرار آفس جمع کرنے کا حکم دیا ہے.عدالت نے انور مجید کو نیب حکام سے تفتیش میں تعاون کا حکم دیتے ہوئے کہا عدم تعاون پر ضمانت خارج کر دی جائے گی۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر عمران الحق نے عدالت کو بتایا کہ انور مجید پہلے دن سے ہی ہسپتال میں ہیں اور آج تک نیب میں پیش نہیں ہوئے۔ انور مجید کے عدم تعاون کی وجہ سے 15 تحقیقات اور چار ریفرنسز التواء کا شکار ہیں۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا انور مجید تحقیقات میں رکاوٹ نہ ڈالیں اور نیب سے دوران تفتیش تعاون کریں۔

جسٹس قاضی محمد امین نے کہا انور مجید کو شدید نوعیت کا عارضہ قلب ہے، علاج کرانا انور مجید کا بنیادی حق ہے تاہم انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment