الیکشن کمیشن:پولیٹیکل فنانس ونگ سے سیاسی جماعتوں کے مالی گوشواروں پر بریفنگ طلب


الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی درخواست پر 18 سیاسی جماعتوں کے مالی گوشواروں کی چھان بین سے متعلق کیس کی سماعت میں الیکشن کمیشن نے پولیٹیکل فنانس ونگ سے اگلی سماعت پر بریفنگ طلب کرلی۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پانچ رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی،تحریک انصاف کے وکیل شاہ خاور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کہا کہ تمام جماعتوں کے اکاونٹس کی سکروٹنی کی جائے۔ کئی سیاسی جماعتوں کے اکائونٹس پر آڈٹ حکام نے اعتراض کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل فنانس سیل نے پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتوں سمیت 18 سیاسی جماعتوں کی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔ ممبر الیکشن کمیشن پنجاب نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر پولیٹیکل فنانس ونگ اپنی رپورٹ پر بریفنگ دے۔ الیکشن کمیشن نے مزید سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت علی محمد خان نے اپوزیشن جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ نے بھاگنا نہیں ہے، ہم نے اکاونٹس کی تفصیلات دیدیں آپ بھی دیں۔
پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے فنڈنگ کرنے والے افراد کے شناختی کارڈ تاحال الیکشن کمیشن کو نہیں دیے۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی منی لانڈرنگ کے باعث ایف اے ٹی ایف پاکستان پر سوالات اٹھا رہا ہے، اپوزیشن اپنی چوری بچانے کے لیے اینٹ منی لانڈرنگ قوانین کی منظوری میں مخالفت کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment