خیبرپختونخوا: سنگ مرمر کی کان میں بھاری تودہ گرنے سے 11 جاں بحق، پانچ زخمی

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند میں پیر کے روز سنگ مرمر کی کان میں بھاری تودہ گرنے سے کم از کم 11 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ضلع مہمند کی تحصیل صافی میں زیارت غر پہاڑ پر واقع سنگ مرمر کی کان پر کام کرنے والے مقامی مزدوروں پر بھاری تودہ گرنے سے پیش آیا۔

ریسکیو 1122 نے بتایا کہ گیارہ لاشوں اور پانچ زخمیوں کو ملبے کے نیچے سے نکال کر گلنائی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو ذرائع نے مزید بتایا کہ خدشہ ہے کہ ملبے کے نیچے مزید افراد دبے ہوئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ پتھر گرنے کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد لاپتہ ہیں۔ عہدیدار نے مزید بتایا کہ دور دراز کے علاقے میں موبائل اور انٹرنیٹ کی کوریج نہیں ہے جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ریسکیو 1122 نے بتایا کہ ان کی ٹیم کا لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے پشاور اور چارسدہ سے اضافی اہلکاروں کو بلایا گیا ہے۔

ریسکیو سروس نے مزید بتایا کہ سرچ اور ریسکیو ٹولز کے علاوہ بھاری مشینری اور ایمبولینس بھی آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔

یاد رہے رواں برس فروری میں خیبرپختونخوا ہی کے ضلع بونیر میں سنگ مرمر کی کان گرنے سے نو مزدور جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment