توشہ خانہ کیس: آصف زرداری پر فردِ جرم عائد، نوازشریف اشتہاری قرار

اسلام آباد : احتساب عدالت میں پانچ نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی پرفرد جرم عائد کر دی جبکہ عدالت نے نوازشریف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے میگا منی لانڈرنگ اورپارک لین ضمنی ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کردی۔

احتساب عدالت میں جج سید اصغرعلی نے توشہ خانہ ریفرنس پرسماعت کی۔ دوران سماعت یوسف رضا گیلانی نے موقف اپنایا کہ کبھی رولزکے خلاف کام نہیں کیا قانون کے مطابق جو سمری آئی جسے منظور کیا۔ جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ ابھی کیس کے میرٹس پر بات نہیں کر رہے، ٹرائل میں سمری سے متعلق بتائیے گا۔

عدالت نے آصف زرداری اوریوسف رضا گیلانی پرفرد جرم عائد کر دی جبکہ ملزمان نے صحت جرم سے انکارکر دیا۔ عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو عدالت میں پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دیتے ہوئے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت 24 تک ملتوی کردی۔

جج اعظم خان نے میگا منی لانڈرنگ ضمنی ریفرنس پرسماعت کی،آصف زرداری نے ضمنی ریفرنس خارج کرنے کےساتھ بری کرنے کی استدعا کی۔ نیب پراسیکوٹرنے فرد جرم عائد کرنے سے قبل نئی درخواست پر اعتراض کیا عدالت نے سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

جج اعظم خان نے پارک لین کیس میں ضمنی ریفرنس پرسماعت کی۔ آصف علی زرداری کی جانب سے ایک بارپھرفرد جرم روکنے کی درخواست دائرکی گئی، عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 17 ستمبر تک موخر کردی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment