نوری آباد مسافر وین میں آتشزدگی، جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی

کراچی حیدرآباد موٹر وے پر نوری آباد کے قریب ٹریفک حادثے کا شکار ہونے والی بد قسمت مسافر وین کے مزید دو زخمی جان کی بازی ہار گئے۔
گزشتہ رات حیدر آباد سے کراچی جانے والی مسافر وین موٹر وے پر نوری آباد کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔
ٹریفک حادثے میں 13 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے تھے جب کہ ایک بچی معجزانہ طور پر بچ گئی تھی۔
زخمی وین ڈرائیور نے بتایا کہ آگے جانے والی گاڑی کا بونٹ اُڑ کر وین کی وِنڈ اسکرین پر آگرا جس کے بعد وین بے قابو ہو کر اُلٹ گئی، گاڑی میں نصب گیس سلنڈر پھٹنے سے مسافر وین میں آگ لگ گئی تھی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال کے برنس سینٹر منتقل کیا گیا تھا جہاں مزید دو زخمی دم توڑ گئے تھے، مزید دو افراد کی ہلاکت کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔
ایدھی ذرائع کے مطابق یہ حادثہ سپرھائی وے پر لکی سیمنٹ فیکٹری کے قریب پیش آیا، لاشوں کو ایدھی ایمبولینسس کے ذریعے عباسی شہید ھسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ آگ بجھانے کے لیے فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا۔
دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برنس سینٹر میں 6 مریض زیر علاج ہیں اور تمام مریضوں کی حالت تشویشناک ہے

متعلقہ خبریں

Leave a Comment