افغان مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان افغان حکومت اور عوام کی قیادت میں افغان تنازعہ کے پرامن اور پائیدار سیاسی حل کی حمایت کرتا ہے۔

افغان مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے دفتر خارجہ میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد وزیرخارجہ نے کہا کہ افغان مسئلہ کا حل سیاسی ہے۔ ماضی کی طرح پاکستان سہولت کاری کے لئے کردار جاری رکھے گا۔ افغان امن و ترقی سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے سول ملٹری ادارے ایک پیج پر ہیں، ہمیں ان عناصر پر بھی نگاہ رکھنا ہوگی جو خطے میں امن اور استحکام نہیں چاہتے۔ افغانستان کی تعمیر نو اور معاشی استحکام کے لئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔

ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ نے افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی مفاہمتی اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے دفترخارجہ کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا،  وزیرخارجہ کی طرف سے مہمان وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔

 

 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment