نواز شریف کی کون کون سے اثاثے ضبط ہونگے، تفصیلات سامنے آ گئیں

توشہ خانہ ریفرنس کیس میں اشتہاری ملزم نواز شریف کی کتنی زمین اور کتنی ملز میں شیئرز ضبط ہونگے، مکمل تفصیلات سامنے آ گئیں۔

 رپورٹ کے مطابق محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں نواز شریف کے 4 لاکھ 67 ہزار 950 شیئرز ہیں جبکہ حدیبیہ پیپر ملز میں 3لاکھ 43 ہزار 425 شیئرز کے مالک ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق نواز شریف حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں شیئرز کی تعداد 22 ہزار 213 ہے۔ اتفاق ٹیکسٹائل ملز میں 48ہزار 606 شیئرز کے مالک ہیں۔ 

مختلف نجی بینکس میں 3 غیر ملکی کرنسی سمیت 8 اکاؤنٹس شامل ہیں۔ 5 بینک اکاؤنٹس میں 6 لاکھ 12 ہزار روپے موجود ہیں۔ غیر ملکی کرنسی والے اکاؤنٹس میں 566 یورو، 698 امریکی ڈالرز اور 498 برطانوی پاؤنڈز موجود ہیں۔ 

نیب کے مطابق ایل ڈی اے، لاہور اور شیخوپورہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، مری کے اسسٹنٹ کمشنر اورگلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سابق وزیراعظم کے اثاثہ جات کے حوالے سے رپورٹ دی ہے۔

نیب رپورٹ کے مطابق نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام لاہور، شیخو پورہ ، مری اور ایبٹ آباد میں جائیدادیں ہیں جبکہ مری میں بنگلہ، چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15 کنال کا مکان اور اپر مال لاہور پر جائیداد شامل ہیں۔

نیب کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام 1752 کنال سے زائد زرعی اراضی شامل ہے۔ لاہور کے موضع مانک میں 936 کنال ،موضع بڈوکسانی میں 299 کنال زرعی اراضی، لاہور کے موضع مال رائے ونڈ میں 103 کنال، موضع سلطانکے میں 312 کنال اراضی، ضلع شیخو پورہ کے موضع منڈیالی میں 14 کنال اور موضع فیروزوطن میں 88 کنال اراضی شامل ہے۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس لاہور اور اسلام آباد کے مطابق نواز شریف 3 گاڑیاں اور 2 ٹریکٹرز، نواز شریف 1لینڈ کروزر، 2 مرسڈیز گاڑیوں سمیت 2 ٹریکٹرز کے مالک ہیں، 

رپورٹ نیب کے تفتیشی افسر محمد راحیل اعظم نے احتساب عدالت میں جمع کرائی۔ نیب رپورٹ میں کہا گیا کہ نواز شریف کے اثاثوں کے لیے الیکشن کمیشن، ایف بی آر اور ایس ای سی پی کو خطوط لکھے گئے۔ 

 احتساب عدالت نے نیب رپورٹ پیش ہونے کے بعد نواز شریف کے اثاثے ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment