پاکستان میں ملک کا سب سے بڑے باکسنگ مقابلے کا انعقاد

عامر خان باکسنگ اکیڈمی سپورٹس کمپلکس اسلام آباد میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا باکسنگ میلہ سجایا گیا۔ایونٹ میں کل نو مقابلے ہوئے جس میں پاکستان، انڈونیشیا اور افغانستان کے باکسرز ایکشن میں نظر آئے۔

باکسر عامر خان اپنی اہلیہ فریال مخدوم کے ہمراہ اکیڈمی پہنچے۔ برطانوی ہائی کمشنرڈاکٹر کرسچین ٹرنر اور پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی سمیت شائقین کی بڑی تعداد مقابلے دیکھنےآئی ۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے کہا کہ پاکستانی لوگوں کا جذبہ اور حسن سلوک دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔ انہوں نے ایونٹ کے انعقادپر عامر خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئےبھرپورکرداراداکررہے ہیں۔

باکسنگ میلے کے پہلے دو مقابلوں میں عادل سعید نے عباس علی اورظہور عباس نےمعین خان کوناک آوٹ کردیا۔ فیدرویٹ فائٹ افغانستان کے جواد حسن کےنام رہی۔ پولینڈ کے آرتھر نے ٹیکنیکل ناک آوٹ کی بنیاد پر پاکستان کے اللہ بخش کو ہرا دیا۔ سپر لائٹ ویٹ میں پاکستان ۔کے بلال محسود کے زور دار مکوں کے آگے افغانستان کے امین الحق ٹھہر نہ سکے اور دوسرے راؤنڈ میں ناک آوٹ ہوگئے ۔

پاکستانی باکسر عثمان وزیر اور انڈونیشیا کے بویا بلڈوزر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ عثمان وزیر نے بویا بلڈوزر کو ہرا کر ایشین باکسنگ فیڈریشن ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ عثمان وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی دعائیں اور میری محنت رنگ لے آئی اور میں پاکستان کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوا۔ میرا اگلا ٹارگٹ ڈبلیو بی سی یوتھ چیمپئن شپ ہے، پاکستان کے لیے یوتھ ورلڈ ٹائٹل جیتوں گا۔عثمان وزیرنے فتح پرشائقین سے خوب داد سمیٹی۔

عامر خان نے جیتنے والے باکسرز میں انعامات تقسیم کئے، ایونٹ میں موسیقی کا بھی خوب تڑکا لگایا گیا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment