تربت میں دہشتگردوں کا سیکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ پارٹی پر حملہ، ایک اہلکار شہید

بلوچستان کے جنوبی شہر تربت میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں نے حملے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع تربت کے قریب سیکیورٹی فورسز کی جھکی پوسٹ کی پیٹرولنگ پارٹی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک وسیم اللہ شہید جبکہ 3 جوان زخمی ہو گئے۔

خیال رہے گزشتہ روز کوسٹل ہائی وے پر اورماڑا کے قریب او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت 20 لوگ شہید ہو گئے تھے۔

دہشتگردی کے اس واقعے کی تاحال کسی نے بھی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

گزشتہ روز دفتر خارجہ سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی تمام کارروائیوں میں پڑوسی ملک بھارت ملوث ہے۔ اس سے پہلے ماضی میں بھی پاکستان کی طرف سے صوبہ بلوچستان میں بلوچ شدت پسند تنظیموں کی مالی اور عسکری معاونت کا الزام بھارت پر لگایا جاتا رہا ہے۔

یاد رہے پاکستان  نے  قید بھارتی نیوی افسر کمانڈر کلبھوشن یادیو کو بلوچستان کے علاقے سے جاسوسی کے جرم میں گرفتار کر رکھا ہے، جس کو پاکستان کی فوجی عدالت نے  جاسوسی اور شدت پسندوں کی معاونت کرنے پر سزائے موت رکھی ہے ۔

 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment