اسکردو میں مسافر گاڑی پر پہاڑی تودہ گر گیا، 11 جاں بحق

اسکردو میں پہاڑی تودہ گرنے سے مسافر کوسٹر حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، علاقے کی انتظامیہ اور ایف ڈبلیو او کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر روندو معراج عالم کا کہنا تھا کہ اتوار کی صبح جاگلوٹ-اسکردو روڈ پر تنگوس کے علاقے میں راوپنڈی سے آنے والی مسافر بس پر پہاڑی تودہ آگرا جس کے نتیجے میں تمام مسافر ملبے تلے دب گئے۔

انہوں نے بتایا کہ بس میں 18 مسافر سوار تھے جن میں سے اب تک 11 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ملبے تلے دبے دیگر افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 اور ایف ڈبلیو او کے اہلکار امدادی کام میں حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بس کا رجسٹریشن نمبر ایل ای ایس-590 ہے جو گزشتہ شب راولپنڈی سے اسکردو کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ سڑک کلیئر ہونے کے بعد لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال روندو منتقل کیا جائے گا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ پھنسی ہوئے افراد کے بچنے کے امکانات کم ہیں کیونکہ بس مکمل طور پر تباہ ہوچکی  ہے۔

علاوہ ازیں حادثے میں مرنے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے اور ایک مرتبہ تصدیق کے بعد لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔

دوسری جانب ایک مقامی شخص اقبال علی اقبال کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں جبکہ ریسکو کے کاموں میں مقامی لوگ بھی حصہ لے  رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment