ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا

اردو فلکس کے انسٹاگرام پر حریم شاہ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹک ٹاک اسٹار نے ان کی آنے والی سیریز ‘راز’ میں ڈیبیو کرنے کے لیے ان کے ساتھ معاہدہ کرلیا۔

ساتھ ہی حریم شاہ کی معاہدے پر دستخط کرنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ‘راز’ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا گیا۔

اردو فلکس کے انسٹاگرام پر حریم شاہ کی ایک اور تصویر بھی شیئر کی گئی اور بتایا گیا کہ ٹک ٹاکر جلد ان کی سیریز سے ایکٹنگ ڈیبیو کرتی دکھائی دیں گی۔

بعد ازاں حریم شاہ نے بھی ‘راز’ کا پرومو شیئر کیا، جس میں ان کی پہلی جھلک بھی دکھائی گئی۔

پرومو کے مطابق ‘راز’ کی کہانی منصور سعید نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات اسد علی زیدی دیں گے اور اسے فرحان گوہر پروڈیوس کریں گے۔

حریم شاہ اور اردو فلکس نے ‘راز’ سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی کہ اس کی کاسٹ میں اور کون اداکار شامل ہیں۔

اگرچہ تاحال اردو فلکس کو بھی متعارف نہیں کرایا گیا تاہم کمپنی کے مطابق وہ متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور بیک وقت بہت ساری سیریز، فلمیں اور ڈراموں کی شوٹنگ جاری ہے۔

اردو فلکس کے حوالے سے ابتدائی طور پر نومبر 2020 میں اعلان کیا تھا اور بعد ازاں دسمبر میں بتایا گیا تھا کہ اسے جنوری 2021 تک باضابطہ طور پر صارفین کے لیے متعارف کرادیا جائے گا۔

تاہم تاحال اردو فلکس کو مواد دیکھنے کے لیے صارفین کے لیے متعارف نہیں کرایا گیا، البتہ اس کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پیجز متعارف کرائے گئے ہیں۔

اردو فلکس کے سوشل میڈیا پیجز پر شائع پوسٹس کے مطابق ادارہ بیک وقت متعدد ویب سیریز، فیچر فلموں، دستاویزی فلموں اور ڈراموں کی تیاری میں مصروف ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے وسط تک اردو فلکس کو مواد دیکھنے کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔


اپنا تبصرہ بھیجیں