ووہان سے کرونا وائرس کا آغاز کیسے ہوا؟ عالمی ادارہ صحت تحقیقات کرے گا


عالمی ادارہ صحت کے وفد کا چین میں دو ہفتوں کا قرنطینہ جمعرات کے روز ختم ہو گیا ہے اور ٹیم نے کرونا وائرس کے آغاز پر تحقیقات شروع کر دی ہے۔

چین نے ابتدا میں بین الاقوامی تحقیقات کے مطالبے سے انکار کیا تھا لیکن اب وفد کو مناسب رسائی کا وعدہ کیا ہے۔ ٹیم ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، اسپتالوں اور اس مارکیٹ میں افراد سے انٹرویو کرے گی جہاں سب سے پہلے کرونا وائرس کا آغاز ہوا۔

عالمی ادارہ صحت کے وفد کے رکن مائیک ریان کے مطابق “ہم یہاں جواب ڈھونڈنے آئے ہیں جو ہمیں مستقبل میں محفوظ رکھنے کے کام آئیں گے۔ ہم نہ مجرم ڈھونڈن آئے ہیں نہ ہی کسی پر الزام دھرنے۔”

کرونا وائرس 2019 کے اواخر میں چین کے شہر ووہان میں نمودار ہوا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے عالمی وبا بن گیا۔

اب تک 120 ممالک نے بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جن میں بہت سی حکومتیں چین کو دیر سے اقدامات اٹھانے کا الزام دیتی ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی کا کہنا ہے کہ “یہ بہت اہم ہے کہ ہم وبا کے ابتدا کے دنوں کی گہرائی تک جائیں اور ہم شروع سے بین الاقوامی تحقیقات کے حق میں تھے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ درست اور شفاف ہو۔”

کرونا وائرس کی عالمی وبا سے اب تک دنیا بھر میں دس کروڑ سے زائد افراد متاثر اور 21 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.