اقرا عزیز کو یاسر حسین سے محبت کیوں ہوئی؟ جانیے اس رپورٹ میں


یاسر حسین کو سوشل میڈیا یا ٹی وی شوز پر جاکر کھری باتیں کرنے کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے اور وہ کسی بھی اداکار یا اداکارہ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر اپنی رائے کا کھل کر اظہار کرتے ہیں۔

کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرنے کی وجہ سے ہی یاسر حسین پر تنقید کی جاتی ہے کہ وہ تنازعات پیدا کرتے ہیں مگر وہ خود ایسا نہیں سمجھتے۔

گزشتہ دنوں برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی اردو‘ سے بات کرتے ہوئے یاسر حسین نے کہا تھا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری شروع سے ہی ’منافق‘ ہے۔

ٰیاسر حسین نے کہا تھا کہ وہ جب بھی جس موضوع پر جو بات کہتے ہیں، وہ متنازع ہوجاتی ہے اور ایک نئی بحث چھڑ جاتی ہے۔

جس کے بعد اب یاسر حسین کی اہلیہ اور اداکارہ اقرا عزیز نے سوشل میڈیا پر کی گئی ایک طویل پوسٹ میں ان کا دفاع کرتے ہوئے بتایا کہ لوگوں کی شدید تنقید کے باوجود انہیں یاسر حسین سے محبت کیوں ہوئی۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں اقرا عزیز نے لکھا کہ ‘میں نے یاسر کا انتخاب اپنے لیے اس لیے کیا کیونکہ یہ ہمیشہ سچ بولتے ہیں اور لوگوں میں فرق نہیں کرتے’۔

اقرا عزیز نے لکھا کہ یاسر، سب کی عزت کرتے ہیں اور ان کو ان کا کریڈٹ دیتے ہیں۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ اس سب سے بڑھ کر یہ کہ عورت کی صحیح معنوں میں عزت کرنا جانتے ہیں، میری امی اور بہن کے بعد ان سے زیادہ اعتماد مجھے کسی نے نہیں دیا۔

انہوں نے لکھا کہ ‘آج کل کے زمانے میں یہ ایک بڑی بات ہے کہ ایک مرد، آپ کا شوہر، آپ کو آپ کے کام، آپ کے خوابوں کو سپورٹ کرے اور چاہے کہ آپ کامیابی کی بلندیوں کو سر کریں’۔

اقرا عزیز نے مزید لکھا کہ ‘ایک عورت سے پیار کرنا، اس کی عزت کرنا اور اسے ہزاروں کروڑوں لوگوں کے سامنے اپنا تسلیم کرنا، اپنے گھر کی عزت بنانا، اس کے خوابوں کو پورا کرنے میں نہ صرف اسے سپورٹ کرنا بلکہ اس کی مدد بھی کرنا، اپنی خوشی سے زیادہ اس کی خوشی کا خیال ہونا، میاں بیوی یا مرد و عورت میں فرق نہ کرنا، یہ ہر لڑکی کا خواب ہوتا ہے اور میرا یہ خواب پورا ہوا’۔

خیال رہے کہ اقرا عزیز اور یاسر حسین نے 28 دسمبر 2019 کو کراچی میں شادی کی تھی اور دونوں کی شادی کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہوئے تھے۔

دونوں کی شادی کی تقریبات 25 دسمبر 2019 کو شروع ہوئی تھیں اور شادی کی تقریب میں شوبز شخصیات سمیت ان کے قریبی رشتہ داروں نے بھی شرکت کی تھی۔

یاسر حسین نے جولائی 2019 میں اقرا عزیز کو لکس اسٹائل ایوارڈ کے دوران شادی کی پیشکش کی تھی۔

اداکار نے ایوارڈ شو میں اقرا عزیز کو سب کے سامنے انگوٹھی پہنائی جبکہ ان کے گال پر بوسہ بھی دیا تھا جس کے بعد دونوں پر تنقید بھی کی گئی تاہم جلد ہی دونوں نے متعدد انٹرویوز کے ذریعے یہ اعلان کیا تھا کہ دونوں جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.