تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقا بڑا ٹارگٹ دے دیا


سینچورین: جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 321 رنز کا ہدف  دیا ہے۔

سنچورین میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان نے ٹاس جیت کر  پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور   دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو  112 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، امام الحق 112 کے مجموعے پر  57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان نے کپتان بابر اعظم کے ہمراہ ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنی سنچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ فخر زمان 101 رنز بنا کر  مہاراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم نے بھی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 82 گیندوں پر 94 رنز بنا کر میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے، آخر لمحات میں حسن علی نے جارحانہ اننگز کھیلی 11 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔

پاکستانی ٹیم نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے ہیں۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مہاراج  3 اور مکرام  2  وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔

پروٹیز کے خلاف فیصلہ کن میچ میں سابق کپتان سرفراز احمد کو بھی پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے جب کہ لیگ اسپنر عثمان قادر نے  آج ون ڈے میں ڈیبیو کیا ہے۔

اس کے علاوہ قومی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، محمد رضوان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہد آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔

نوجوان بلے باز دانش عزیز، مڈل آرڈر بلے باز آصف اور فاسٹ بولر محمد حسنین کو آرام کا موقع دیا گیا ہے جبکہ شاداب خان انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔

دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 193 رنز کی اننگز کھیلی تھی تاہم وہ آخری اوور میں رن آؤٹ ہو گئے تھے۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.