کراچی میں مٹی اور گرد وغبار کے طوفان کے ساتھ ساتھ بارش


کراچی میں شدید گرمی کے دوران موسم نےاچانک انگڑائی لی اور مٹی اور گرد وغبار کے طوفان کے ساتھ ساتھ بارش شروع ہوگئی ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں گرد و غبار اور مٹی کا شدید طوفان آیا۔

ملیر، کورنگی، کیماڑی، آئی آئی چند ریگر روڑ اور دیگر علاقوں میں مٹی اور گرد و غبار کا طوفان آیا اور کہیں ہلکی بارش بھی ہوئی۔

موسم کی معمولی تبدیلی کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی بھی منقطع کردی گئی اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شہریوں نے ویڈیوز اور تصاویر بھی جاری کیں۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں سخت گرمی اور خشک موسم کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی تھی۔

کراچی سمیت سندھ کے مخلتف اضلاع بھارت میں ٹکرانے والے طوفان تاؤتے کے زیر اثر ہیں اور کراچی میں گرمی شدت 43.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ کراچی، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، بدین، میر پور خاص، ٹنڈو الہیار اور ٹھٹہ کے اضلاع میں تیزہوائیں چلیں گے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ زیریں سندھ میں بھی موسم اسی طرح رہنے کا امکان ہے اور آندھی شمال کی جانب بڑھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور مٹھی میں ٹمپریچر ایک جیسا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں موسم بدھ کو بہتری کی جانب گامزن ہوگااور سمندری ہوائیں طوفان کو روک دیں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مئی میں سب سے زیادہ گرمی 47.8 ڈگری کا ریکارڈ ہے جو 1938 میں ہوئی تھی۔

گزشتہ ایک دہائی کے دوران 2015 میں 46 ڈگری ریکارڈ کی گئی تھی۔

 


Comments are closed.