مسلم خاندان پر حملہ افسوسناک اور دہشت گردی ہے، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو


کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں شہید کیے جانے والے پاکستانی خاندان کی یاد میں اجتماع ہوا جس میں کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو، میئر اونٹاریو اور اپوزیشن لیڈروں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

اپنی تقریر کے دوران کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ لندن میں مسلم خاندان پر حملہ افسوسناک اور دہشتگردی ہے جب کہ اس حادثے پر تمام کینیڈین افسردہ ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس حملے میں زندہ بچ جانے والے بچے کے ساتھ پورا کینیڈا کھڑا ہے۔

دوسری جانب کینیڈا کی اپوزیشن جماعتوں نے مسلم خاندان پرحملے کی شدید مذمت کی، اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان نے “اسلام وعلیکم ” سے اپنی اپنی تقاریر کا آغاز کیا۔

فیڈرل پارٹی کے لیڈرجگمیت سنگھ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حجاب پہننے والے اورپگڑی پہننے والے نفرت کرنے والوں کی جیتنے نہیں دیں گے، ہمیں ایکشن نظر آنا چاہیے جب کہ مزید مسلمانوں کی جانیں ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اونٹاریو کے میئر نے کہا کہ پاکستانی فیملی کو کچلنےکا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، دنیا کےمختلف ممالک سے لوگ یہاں آباد ہیں اور لندن اونٹاریو جس طرح ہمارا گھرہے، اسی طرح ان کا گھر ہے، لوگ یہاں خود کومحفوظ سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے پورے ملک کو صدمہ پہنچا، متاثرہ خاندان اور مسلم کمیونٹی کے ساتھ ہیں، اونٹاریو محفوظ شہر ہے اور یہاں پہلی مرتبہ ایسا واقعہ پیش آیا، اس واقعے سے شہر نے اپنی معصومیت کھودی ہے۔

فوٹو: رائٹرز

رکن پارلیمنٹ خالد خورشید نے بھی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اونٹاریو کے شہریوں کے لیے دکھ کا دن ہے،  ہمیں اسلاموفوبیا پر بہت کام کرنا ہے، کینیڈا میں نفرت انگیزی پنپ رہی ہے اور ہمیں اس سےلڑنا ہے،  نفرت کے خلاف تمام کمیونیٹیز کو آگے آنا ہوگا، معاشرےسے نفرت کو ختم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.