پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آ گئی


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جا رہا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں شہباز گل کا کہنا تھاکہ 26 جولائی کے اعدادو شمار کے مطابق دنیا میں 27 ممالک میں پیٹرول کی قیمت پاکستان سے کم اور 140 ممالک میں پاکستان سے زیادہ ہے، دنیا میں پیٹرول کی اوسط قیمت 1.19 ڈالر فی لیٹر لیکن پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 0.72 ڈالر فی لیٹر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ 47 فیصد ہوا لیکن پاکستان میں 11 فیصد ہوا۔

شہباز گل کا کہنا تھاکہ اوگرا کی سفارش پر پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 71 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔

یکم اگست سے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا امکان

ان کا کہنا تھاکہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی اور کسان زیادہ متاثر ہوتا ہے اس لیے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے۔

شہباز گل نے بتایا کہ قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہو گا۔ 

معاون خصوصی کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک روپے 71 پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 119 روپے 80پیسے فی لیٹر ہوگی۔

ان کا کہنا تھاکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل  کی قیمت 116 روپے 53 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 84 روپے 67 پیسے پر برقرار ہے۔

خیال رہے کہ وزرات خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن اب تک جاری نہیں کیا گیا۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.