Khabarnamay

پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے میں بھارت ملوث ہے، وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں بھارت ملوث ہے۔

قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچنج (پی ایس ایکس) حملے کا منصوبہ بھارت میں بنا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز دہشت گردوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کیا تھا جسے پولیس اور سیکورٹی گارڈز نے بھرپور جوابی کارروائی سے ناکام بنادیا تھا۔

اس حملے میں ایک پولیس افسر اور تین سیکیورٹی گارڈز شہید ہوگئے تھے جبکہ حملہ آور چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے واقعے کی مذمت کی گئی تھی جبکہ انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

آج قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایکس حملے میں بھارت ملوث ہے اور اس میں کوئی شک نہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کا منصوبہ بھارت میں بنا۔

خیال رہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج حملے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا تھا کہا اس حملے میں بھارتی خفیہ تنظیم ’را‘ ملوث ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج حملے میں بھارت ملوث ہے،ہم جانتے ہیں ہندوستان نے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کا بڑا پلان بنایا تھا، دہشتگر بہت زیادہ اسلحہ لے آئے تھے،یہ اسٹاک ایکسچینج میں جاکر لوگوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے، ممبئی میں دہشتگردی جو ہوئی تھی، ہمیں کوئی شک نہیں یہ منصوبہ بندی ہندوستان نے بنائی تھی، میری کابینہ جانتی ہے، ہم نے پہلے ہی اپنی ایجنسیز کو ہائی الرٹ کیا ہوا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پوری تیاری تھی، یہ ضروری نہیں تیاری کے باوجود بھی دنیا کی طاقتور فوج اس طرح کے حملے نہیں روک سکتی۔ لیکن یہ ہماری جیت ہے، میں انٹیلی جنس ایجنسیز کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

آپ کے مزاج کے مطابق مزید تحاریر